لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے سیاسی جلسوں کو میوزک اور دھنوں کے ذریعے نیا ٹرینڈ دینے والے ڈی جے بٹ اب پیپلز پارٹی کیلئے خدمات سر انجام دیں گے ،ڈی جے بٹ نے پیپلز پارٹی کے آج پیر کومیرپور میں ہونے والے جلسے کے لئے معاہدہ کر لیا جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔ڈی جے بٹ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا ادنیٰ کارکن ہوں اور میرا لیڈر عمران خان ہی ہے ۔ روزی روٹی کیلئے پیپلز پارٹی کے جلسے میں خدمات کا معاہدہ کیا۔ڈی جے بٹ نے بتایا کہ نجی کمپنی نے پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے میری خدمات لی ہیں جبکہ جلسے کے آرگنا ئزر عامر ذیشان جرال نے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد میں دھرنے کے بعد مالی معاملات سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ڈی جے بٹ کو نظر انداز کر کے ولی سنز سے خدمات لی جارہی ہیں ۔