فیصل آباد(این این آئی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ عمران خان کو اورنج ٹرین اور صحت کے منصوبوں سے بہت تکلیف ہے ٗپوپلزئی بھی عوام کے ساتھ ملکر صرف ایک ہی چاند دیکھیں ٗ تفریق نہ ڈالیں ٗ رمضان المبار ک کے دوران ملک کے 90فیصد علاقوں میں سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی اتوار کو ماروی میمن کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی تنقید کومثبت اندازمیں لیتے ہیں تاہم غیر ملکی اشارے پر پاکستان کا امن تباہ کیا جارہا ہے ٗعمران خان عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، انہیں اورنج ٹرین اورصحت کے منصوبوں سے بہت تکلیف ہے۔ وزیر مملکت پانی وبجلی نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والوں کااحترام کرتے ہیں، بے نظیر بھٹو کا پاکستان کی سیاست میں بہت اہم مقام ہے، بلاول بھٹو زرداری ابھی بچہ ہے اور بچوں کی بات کا برا نہیں مانا جاتا۔ ملک میں ایک ہی دن پہلا روزہ اور عید پر عابد شیر علی نے کہا کہ پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے خطیب شہاب الدین پوپلزئی تفریق پیدانہ کریں ٗچاند ایک ہی ہوتا ہے، وہ دعا کرتے ہیں کہ مولانا پوپلزئی کو بھی پاکستان والا چاند نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ رمضا ن المبار ک کے دوران شہر ی علاقو ں میں 6اور دیہی علاقوں میں 8گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو گی۔