اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کو میڈیا سے متعلق نئی قانون سازی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی،وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت اطلاعات اور قانون کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ جس دوران وزیراعظم نے میڈیا سے متعلق نئی قانون سازی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے ہدایات چیف جسٹس کے ریمارکس کی روشنی میں دیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت اطلاعات اور قانون کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینلزکو پارلیمنٹ ، عدلیہ اور فوج سمیت اداروں کے خلاف بغیر ثبوت کے الزام کی سزا تجویز ہو گی، قانون کا نیا مسودہ تیار کر کے پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔