اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پارٹی فنڈز میں خرد برد کے حوالے سے ملنے والے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بالمشافہ ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ روز بیرسٹر سلطان کو شکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں ان سے برطانیہ اور دیگر ممالک سے پارٹی فنڈز وصول کر کے پارٹی کی بجائے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع کرانے بارے تحریری جواب مانگا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب دینے کی بجائے عمران خان سے ملاقات کا وقت مانگا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ وہ ان الزامات بارے عمران خان سے مل کر اصل حقائق سے آگاہ کریں گے۔