اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وزیراعلی بلوچستان ثناء اللہ زہری کے درمیان تلخ کلامی ۔ وزیر اعلی بلوچستان نے مخصوص منصوبوں پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا اور کہا کہ اب بات وزیر اعظم نواز شریف سے ہی ہو گی تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سالانہ منصوبہ بندی کمیٹی کا اجلاس جاری تھا اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اپنے وفد کے ہمراہ موجود تھے اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان نے ایجنڈے سے ہٹ کر بجٹ اور سوئی کے منصوبے پر بات کرنا چاہی احسن اقبال نے ایجنڈے سے ہٹ کر بات کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ احسن اقبال نے کہا کہ سوئی کے منصوبے کے لئے گزشتہ تین سالوں سے فنڈ فراہم کر رہا ہوں مگر بلوچستان کی حکومت نے منصوبے کا پی سی ون بھی مکمل نہیں کیا۔ وزیر اعلی بلوچستان شدید برہم ہو کر کہا کہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے سوئی کے منصوبے پر اگر ابھی بات ہو سکتی تو اجلاس میں مزید نہیں بیٹھ سکتا اور کہا کہ اب اس معاملے پر مزید بات وزیر اعظم نواز شریف سے ہی ہو گی وزیر اعلی بلوچستان اپنے وفد کے ہمراہ اجلاس سے بائیکاٹ کر گئے ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیر اعلی بلوچستان کو منصوبوں پر علیحدہ ملاقات کی یقین دہانی بھی کروائی ۔