کراچی (نیوز ڈیسک ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں ایچ آئی وی/ ایڈز کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد قابل تشویش ہے اس لئے اس ضمن میں ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے تاکہ اس مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ آئی وی / ایڈز کے بارے میں کراچی سٹی فوکس اسٹریٹجی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ محمد حسین سید ، ، کنٹری ڈائریکٹر یو این ایڈز (UNAIDS) محمدو ساکو ، سیکریٹری صحت سعید احمد منگیجو ، سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ریحانہ غلام علی بریفنگ ،کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ اور محکمہ صحت کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایڈز ایک موذی مرض ہے لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ انھیں ان احتیاطی تدابیر کا علم ہو سکے ۔ انہوں نے ایچ آ ئی وی ۔ایڈز کے ممکنہ ہائی رسک گروپوں جن میں انجیکشن سے نشہ کرنے والے اور سیکس ورکرز شامل ہیں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور میڈیا کے تعاون سے اس ضمن میں نمایاں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ ان کا اپنا حلقہ اثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پی سی ون کے تحت 2016-19 ءکے عرصہ کے دوران بنیادی مراکز صحت ، رورل ہیلتھ اور تعلقہ ہیڈ کواٹرز اسپتالوں میں 200 ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز اسپتالوں میں 31 اور ٹیچنگ اسپتالوں میں 11 ، فیملی ہیلتھ سینٹرز کے قیام سے اس مرض کی بر وقت تشخیص اور علاج میں مدد ملے گی ۔ گورنر سندھ نے یو این ایڈز کی جانب سے شروع کئے گئے فاسٹ ٹریک سینٹر اینی شیٹیو (Fast Track Cities Initiative) جس کا مقصد 2030 ءتک ایڈز کا خاتمہ کرنا ہے ، کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یو این ایڈز کی مدد سے پاکستان میں بھی اس مرض کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایچ آئی وی /ایڈز کے 9529 مریضوں میں سے 9290 ایچ آئی وی اور 239 ایڈز کی موجودگی باعث تشویش ہے کیونکہ یہ پاکستان میں موجود اس مرض کے کیسز کا 35 سے 40 فیصد ہیں جبکہ سندھ کے کل مریضوں کے 80 فی صد کا تعلق کراچی سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سٹی فوکس اسٹریٹجی پلان اس مرض کے خاتمے کی سمت میں ایک درست قدم ہے انہوں نے خصوصاً جیلوں میں موجود قیدیوں میں اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج پر خصوصاً توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ازخود ضائع ہونے والی سرنجوں کے لازمی استعمال کے لئے وفاقی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ صرف ایسی سرنجیں ہی استعمال ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف پروگراموں کی یکسانیت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی بھی تشکیل دی جائے تاکہ وہ ان امور کا جائزہ لے سکیں جو مختلف صوبائی پروگرامز یکساں طور پر سرانجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر یو این ایڈز کے کنٹری ڈائریکٹر محمدو ساکو نے گورنر سندھ کو اپنے ادارے کی جانب سے ایڈز کے مریضوں کے علاج میں مدد اور اس سلسلہ میں تیار کی گئی حکمت عملی سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ سندھ ایڈز کنٹرول پرگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یونس چاچڑ نے گونر سندھ کو صوبہ میں ایچ آئی وی/ ایڈز کے مریضوں کے اور اعداد و شمارسے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر قمر عباس نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی سٹی فوکس اسٹریٹجی کا مقصد شہر قائدمیں ایچ آئی وی / ایڈز کے مریضوں کو بروقت رجسٹریشن اور علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو 2016-2019 کے لئے پروگرام کی نئی پی سی ون (PC-1) کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔