اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے پیپلز پارٹی نے سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع دینے کی غلطی کی تھی، انہیں توسیع دینے کے باعث آپریشن ضرب عضب التوا کا شکار ہوا، پاک فوج کی تاریخ میں آج تک ایسا کوئی آرمی چیف نہیں آیا جس نے آپریشن ضرب عضب کو کامیابی کے ساتھ پایہ¿ تکمیل تک پہنچایا ہو تاہم آئینی اعتبار سے موجودہ آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع نہیں د ی جانی چاہئے، وزیراعظم نواز شریف نے فوج کے پیچھے چلنے کے سوا کچھ نہیں سیکھا۔ ان کی وفاقی کابینہ میں بڑا انتشار پایا جاتا ہے، کراچی میں رینجرز کا سندھ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر سے ریکارڈ لے جانا حکومت کی بڑی بدنامی تھی۔ایک نجی خبررساں ادارے آن لائن کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے اعتزاز احسن کا کہنا تھا ہمارے دور حکومت میں اشفاق پرویز کیانی کو وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا لیکن وہ آپریشن نہیں کرنا چاہتے تھے۔ جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب شروع کرنے کا فیصلہ خود کیا، آپریشن ضرب عضب کے شروع ہونے سے وزیر دفاع اور وزیراعظم لاعلم تھے۔ خواجہ آصف پوزیشن لیں تو ہم حمایت کریں گے۔ کراچی میں رینجرز سندھ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مارکر سارا ریکارڈ لے گئے تو کیا کرپشن صرف کراچی میں ہو رہی ہے۔ کالعدم تنظیموں کے ارکان صرف چہرے بدل لیتے ہیں حکومت انہیں پاک صاف سمجھ لیتی ہے۔ نواز شریف اپنے پاﺅں پر خود کلہاڑی مارنے کے ماہر ہیں۔ 2018ءکا انتخاب نواز شریف کیلئے اتنا آسان نہیں ہوگا۔ پیپلزپارٹی پورے زور و شور سے ابھرے گی۔