اسلام آباد (نیوزڈیسک) دنیا بھر میں تعلیمی اداروں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کے حوالے سے پاکستان پہلے نمبر پر ہے اور ایک امریکی ادارے کے مطابق پاکستانی تعلیمی اداروں پر ساڑھے آٹھ سو حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں 461 افراد شہید ہوئے۔امریکہ میں قائم ’’یونیورسٹی آف میری لینڈ‘‘ میں گزشتہ چالیس سال سے دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات پر نظر رکھنے والے ’’گلوبل ٹیررازم ڈیٹا بیس‘‘ کے مطابق پاکستان میں تعلیمی اداروں پر کل ساڑھے آٹھ سو حملے ہوئے جن کے نتیجے میں 461 افراد شہید ہوئے۔ان حملوں میں سب سے زیادہ خطرناک 16 دسمبر 2014ء کو پشاور میں آرمی پبلک سکول پر ہونے والا حملہ تھا۔ اس فہرست میں پاکستان کے بعد دوسرا نمبر روس کا ہے جہاں تعلیمی اداروں پر ہونے والے مختلف حملوں میں 360 افراد ہلاک ہوئے۔ان اعدادو شمار کے مطابق 1970ء سے لے کر 2014ء تک جنوبی ایشیاء میں تعلیمی اداروں پر سب سے زیادہ حملے ہوئے ٗجہاں مرنے والوں کی تعداد 951 ہے۔ اسی عرصے کے دوران دنیا بھر کے تعلیمی اداروں پر 1436 دہشت گردانہ حملے ریکارڈ کئے گئے جن میں سے 60 فیصد پاکستان کے تعلیمی اداروں پر ہوئے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ان اعدادو شمار سے پاکستان میں تعلیمی اداروں کی سلامتی کے حوالے سے ایک خوفناک صورتحال سامنے آتی ہے۔ پاکستان میں آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد دہشت گردی کے خلاف ایک قومی ایکشن پلان بھی ترتیب دیا گیا تھا جس کے تحت سکولوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جارہی تھی تاہم وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہزاروں سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سیکورٹی سخت کرنا ابھی بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔