کراچی(نیوزڈیسک)کرپشن کے الزامات میں گرفتار ہونے والے ملزم ڈاکٹر عاصم حسین کو عدالت کے احکامات اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے پیش نظر جناح اسپتال کراچی میں داخل کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین کو جناح اسپتال کے آفیسرز وارڈ میں تیار کئے گئے وی آئی پی روم میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو رینجرز اور پولیس کی سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ گزشتہ روز پانچ طبی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹر عاصم کا معائنہ کرنے کے بعد رپورٹ مرتب کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی تناو¿ کا شکار ہیں اور ان کو اسپتال میں فوری طور پر داخل کیا جانا چاہئے جس کے بعد ڈاکٹر عاصم کے لئے اسپتال میں اسپیشل روم مختص کیا گیا۔ڈاکٹر عاصم کے لئے مختص کئے گئے روم میں ڈاکٹر عاصم کے اہلخانہ نے سہولیات کا خاص بندوبست بھی کیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کے روم سے متصل ویٹنگ روم بھی بنایا گیا ہے۔ جہاں پر صوفے رکھے گئے ہیں اور ایل سی ڈی ٹی وی بھی لگایا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کتنے دن اسپتال میں رہیں گے یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔