چارسدہ(نیوزڈیسک)دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں باچا خان یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی پروفیسرسید حامد حسین بھی شامل ہیں۔سید حامد حسین نے حال ہی میں برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی سے شعبہ کیمیا میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ باچا خان یونیورسٹی میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ پروفیسرسید حامد حسین کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے تھا اور ابتدائی تعلیم انہوں نے اپنے شہر کے گورنمنٹ ہائی اسکول سے حاصل کی جس کے بعد پشاور یونیورسٹی سے شعبہ کیمیا میں بیچلر اور ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔پروفیسرحامد حسین نے سوگواروں میں بیوہ اور ایک 3 سالہ بیٹا چھوڑا ہے، پروفیسر حامد نے کچھ روز قبل ہی اپنے بیٹے حاشرحسین کی تیسری سالگرہ منائی تھی۔ تعلیم کا زیوربانٹنے والے استاد نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پرجو آخری پوسٹ کی وہ بھی تعلیم سے ہی متعلق تھی۔ اسسٹنٹ پروفیسرحامد حسین نے 17 جنوری کو صبح 8 بجکر41 منٹ پرآخری پوسٹ کی جس میں انہوں نے پاکستانی طلبا کو ورلڈ بینک فیلو شپ کی ترغیب دی۔