اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی پر حملہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے کروایا ہے ، پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان کو حملے کی دھمکی دی تھی ، یونیورسٹی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سدہ پر جو حملہ ہوا ہے اس سے پی پی پی کی قیادت کو گہرا دکھ ہوا ہے اور ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں یونیورسٹی پر حملہ آرمی پبلک سکول کے واقعہ کا تسلسل ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت الزامات کی سیاست نہیں کرینگے اس وقت اعتماد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور دہشتگردی کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے واقعہ کے بعد حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ سکیورٹی کے حوالے سے سخت اقدامات کرے مگر ایسا نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ اے پی ایس سکول واقعہ کی انکوائری رپورٹ بھی پبلک نہیں ہوئی اس پر ہم قومی اسمبلی اور سینٹ میں آواز اٹھائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی دہشتگردی کے حملے ہوئے ہیں اس میں بھارت کا کسی نہ کسی شکل میں ہاتھ ضرور ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان کو کھلی دھمکی دی تھی انہوں نے کہا تھا کہ پٹھان کوٹ حملے کا جواب دیا جائے گا اس کیلئے وقت اور جگہ کا تعین ہم کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے آسان ہدف ہوتے ہیں صوبائی حکومت مثبت اقدامات کرے ۔