اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما شیریں مزاری کو زائد بجلی بل بھجوانے کیخلاف دائر درخواست کا معاملہ دوبارہ ڈسٹرکٹ کورٹ بھجوانے کا حکم جاری کردیا ہے ۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل شعیب رزاق نے عدالت میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ سردیوں میں بجلی کااستعمال برائے نام ہے لیکن اس کے باوجود آئیسکو کی جانب سے دو دو لاکھ روپے کے بل بھجوادیئے جاتے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے جبکہ اس حوالے سے درخواست گزار کو مسلسل ہراساں کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سردیوں میں بھی یہی معاملہ رہا جس پر ماتحت عدالت سے رجوع کیا گیا تھا جس پر عدالت نے آئیسکو کو میٹر کاٹنے اور ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کئے تھے ڈسٹرکٹ کورٹ نے آئیسکو کو جو ہدایات جاری کی تھیں اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا دلائل سننے کے بعد عدالت نے معاملہ دوبارہ ڈسٹرکٹ کورٹ کو بھجوانے کا حکم جاری کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ درخواست میں آئیسکو اور وزارت پانی و بجلی کو فریق بنایا گیا ہے ۔