کراچی(نیوز ڈیسک)حکومت سندھ نے ایک بارپھر تھر میں قحط سالی کی وجہ سے بچوں کی اموات کاالزم مسترد کردیا ، نثاراحمد کھوڑو کہتے ہیں تھر کے اسپتالوں میں طبی سہولیات موجودہیں،اصل مسئلہ قبل ازوقت پیدائش ہے۔سندھ اسمبلی میں تھر کی غذائی قلت کے معاملے پر بحث کا آغاز ہوا تو صوبائی وزیر ناصرشاہ نے کہا کہ تھرمیں غذائی قلت کاکوئی مسئلہ نہیں،اموات کی وجوہات کچھ اورہیں۔سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے صوبائی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ تھر کے اسپتالوں میں تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں،اصل مسئلہ قبل ازوقت پیدائش کا اور ایسے بچے بھی اسپتال لائے گئے، جن کا پیدائش کے وقت وزن صرف ایک پاونڈ تھا۔تاہم انہوں نے اس پر کوئی بات نہیں کی نومولود بچوں کے وزن میں غیر معمولی کمی کا سبب کیا ہے۔تھر کے معاملے پر ایم کیوایم اراکین اسمبلی ہیر سوہو اور نائیلہ منیر نے تحریک التوا ایوان میں پیش کی جسے اسپیکرنے حکومتی مخالفت کے بعد خلاف ضابطہ قراردے کر مسترد کردیا۔