لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم یوتھ لون سکیم کی سابق چیئرپرسن مریم نواز کا استعفیٰ جعلی قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر اٹارنی جنرل سے 10فروری تک جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار سید اقتدار حیدر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے حکم پر مریم نواز کو یوتھ لون سکیم کی چیئر پرسن تعینات کیا گیا مگر اس حوالے سے مریم صفدر کی بجائے نوٹیفکیشن مریم نوازکے نام پر جاری کیا گیا،مریم نواز کے عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا میں نواز شریف اور مریم نواز کے ناموں والے کروڑوں روپے کے اشتہارات شائع کئے گئے مگر عدالتی حکم پرمریم نواز کی بجائے مریم صفدر کی جانب سے دستخط شدہ استعفیٰ عدالت میں بھجوا دیا گیا۔ مریم نواز کے نام سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے برعکس استعفیٰ میں مریم صفدر کے دستخط کئے گئے ہیں،مریم صفدر نے عدالت میں جعلی استعفیٰ کی کاپی فراہم کر کے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لہٰذا مریم نواز کے استعفیٰ کو جعلی قرار دیا جائے۔فاضل عدالت نے سٹینڈنگ کونسل کو متعلقہ حکام سے جواب لے کر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت دس فروری تک ملتوی کر دی۔