لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں ،اکبر بگٹی کیس میں پرویز مشرف کو باعزت بری کرنے کے عدالتی فیصلے پر کسی طرح کی رائے دینا حکومت کا کام نہیں ، اگر اکبر بگٹی کے خاندان کو اس فیصلے پر تحفظات ہیں تو انہیں ضرور اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنا چاہیے ۔ ڈ ائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ اس بیان کے شواہد موجود ہیں جس میں جنرل مشرف نے کہا تھاکہ انہیں (اکبر بگٹی کو)وہاں سے ہٹ کریں گے کہ انہیں پتہ بھی نہیں چلے گا ۔ لیکن اکبر بگٹی کیس میں اپنے دفاع کے لئے عدالت میں جانا پرویز مشرف کا حق تھا ۔انہوں نے کہا کہ لیکن یہ خالصتاً عدالتی فیصلہ ہے ، پاکستان میں عدالتیںآزاد ہیں اور ان پر کوئی رائے دینا حکومت کا کام نہیں ۔ ہمیں عدالتوں کے فیصلوں کو قبول کرنے کی روش ڈالنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اکبر بگٹی کے خاندان کو اس فیصلے پر تحفظات ہیں توا نہیںیہ حق حاصل ہے کہ اسے اعلیٰ عدالت میں لے کر جائیں تاکہ وہ مطمئن ہو سکیں ۔ ہم عدالتوں کے فیصلوں کو زیر بحث لا کر عدالتوں کو متنازعہ نہیں بنا سکتے ۔