کراچی(نیوزڈیسک):ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ رینجرز کا کراچی میں جاری آپریشن بلا تفریق ہے۔ اسی اصول پر چلتے ہوئے اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ عوام اپنے گردونواح میں مشکوک افراد خصوصاً غیرقانونی تارکین وطن پر نظر رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی کے سینیٹر شاہی سید کی زیر قیادت رینجرز ہیڈ کوارٹرز آنے والے کراچی میں مقیم مشران پر مشتمل100رکنی پختون جرگہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رینجرز ہیڈ کوارٹرز آمد پر جرگہ کا استقبال کیا گیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے جرگہ کے مشران کو رینجرز کی حالیہ کامیابیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جرگہ کے ارکان سے شہر میں امن و امان، رینجرز آپریشن سے قبل اور حالیہ صورتحال کا تقابلی احوال بیان کیا۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ27 مہینوں کے دوران عوام کی مدد سے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں، اغوا کاروں و دیگر جرائم میں ملوث افراد کیخلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے مثبت نتائج سے عوامی حمایت بڑھ رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز، تمام سیکٹر کمانڈرز، ڈی آئی جیز و دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔