کراچی (نیوزڈیسک)سندھ کرمنل پراسیکیوشن بل منظورہوتے ہی سزایافتہ لوگوں کوکلین چٹ دینے کی تیاری شروع ہوگئی،محکمہ قانون سندھ کواہم شخصیات کے خلاف مقدمات کی واپسی کا ٹاسک مل گیا۔سندھ کریمنل پراسیکیوشن بل کے تحت مختلف مقدمات میں ملوث سیاستدانوں کوکلین چٹ دلانے کے منصوبے پرعملدرآمد شروع ہوگیا،بل عدالت میں چیلنج ہونے کے باوجود محکمہ قانون سندھ کو مقدمات کی واپسی کے لیے سفارشات کی تیاری کی ہدایت کردی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم شخصیات کوریلیف دلانے کے لیے سندھ بھرسے حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کی سزامعاف کیے جانے کی طرزپرسندھ میں بھی سزائیں ختم یا مقدمات کی واپسی ہوگی۔سابق صدرآصف علی زرداری نے مئی2010میں احتساب عدالت کی جانب سے رحمن ملک کوسنائی گئی سزا ختم کردی تھی۔ذرائع کا کہناہے کہ پہلے مرحلے میں جن اہم رہنماﺅں کوکلین چٹ مل سکتی ہے ۔ان میں شرجیل میمن، علی نوازشاہ،خادم علی شاہ،ڈاکٹرنصراللہ،علی مردان شاہ،میرمنورتالپور،قادرپٹیل، ایم این اے شاہجان بلوچ،امین بلیدی،نواب وسان،فشریزکے نثارمورائی دیگراہم شخصیات شامل ہونگی۔