کراچی (نیوزڈیسک) رواں سال دس اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز بھی نجکاری کی فہرست میں شامل ہیں۔ آئی ایم ایف کو اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔نجکاری کمیشن کے ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری ستمبر تک کرلی جائے گی۔ سندھ حکومت نے چار جنوری کو اس کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم اب وفاقی حکومت نے اکیس جنوری تک سندھ حکومت سے حتمی جواب مانگ لیا ہے۔پی آئی اے کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔ ان اداروں کی نجکاری کے حوالے سے رواں ماہ کے آخر تک آئی ایم ایف کے جائزہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ایس ایم ای بینک اور اسٹیٹ لائف کے مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری کے لیے نجکاری بورڈ اجلاس منگل کو ہوگا۔ اس کے علاوہ لیسکو، فیسکو، آئیسکو، ماڑی گیس ڈویلپمنٹ کی نجکاری بھی اسی سال کی جائے گی۔دس اہم سرکاری اداروں کی نجکاری کی خبر کے بعد سرکاری ملازمین میں تشویش کی لہردوڑ گئی ہے ۔