پشاور(نیوز ڈیسک)شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا ،چغل پورہ میں زہریلا کھانا کھانے سے دولہا جاں بحق جبکہ دلہن بیہوش ہوگئی جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور کے علاقے چغل پورہ میں ہفتہ کے روز الیاس اور سارہ کی شادی ہوئی تھی۔ صبح دونوں کےدروازہ نہ کھولنے اور جواب نہ دینے پر گھر والوں نے دروازہ توڑ کردیکھا تو دونوں بے سدھ پڑے تھے جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔ دلہا الیاس ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جاں بحق ہوچکا تھا جبکہ دلہن سارہ کی حالت تشویشناک ہے اور بیہوش ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شادی کی پہلی ہی رات دولہا اور دلہن کوجو کھانا دیا گیا وہ زہریلا تھا جس کی وجہ سے دولہا کی موت ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر تو گیس لیکج کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی بیان دیا جاسکتا ہے۔دوسری طرف الیاس کے ولیمے کی تیاریاں جاری تھیں جوکہ میت کی تیاریوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔