لاہور ( نیوزڈیسک)انسدا د دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور جنسی سکینڈل میں عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے پر نو منتخب چیئرمین یونین کونسل حسین خانوالا مبین غزنوی سمیت چار گواہوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی کر دئیے ۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ہارون لطیف نے قصور ویڈیو سکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔تنزیل الرحمن، علی مجید سمیت ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم عدالتی احکامات کے باوجود چاروں گواہ عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے نو منتخب چیئرمین یونین کونسل حسین خانوالا مبین غزنوی سمیت چار گواہوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی کرتے ہوئے ایس ایچ او گنڈا سنگھ والا قصور کو ہدایت کی ہے کہ چیئرمین یونین کونسل مبین غزنوی ، کانسٹیبل ارسلان ، معصب اور نوید اشرف کو گرفتار کر کے 28جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔واضح رہے کہ چیرمین یونین کونسل میبین غزنوی کاتعلق مسلم لیگ(ن) سے ہے ۔