اسلام آباد(نیوز ڈیسک) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سان جوس اسٹیٹ یونیورسٹی ٗ امریکہ کے تعاون سے طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ کرتے ہوئے آن لائن پراجیکٹس تیار کرنے کے لئے “ٹیلی مواصلاتی انٹرن شپ” کا ماڈل تیار کیا تھا۔اس الیکٹرانک ماڈل کے ذریعہ طلبہ گھر بیٹھے اپنے پراجیکٹس آن لائن تیار کرسکتے ہیں۔ اس پراجیکٹ کا سب سے زیادہ فائدہ بنیادی سہولتوں سے محروم ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کو ہوگا ٗ اب وہ طلبہ بھی معاشرے کے لئے کارآمد پراجیکٹس تیار کرنے میں حصہ لے سکیں گے۔ پہلے بیج کے کامیاب طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں منعقدہ ایک تقریب میں اسناد دئیے۔ تقریب میں امریکہ کی سان جوس اسٹیٹ یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر ز بھی شریک تھے۔اس موقع پر طلبہ نے اپنے پراجیکٹس پر پریذنٹیشن بھی دی۔شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چئیرمین ٗ پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد سانگی نے وائس چانسلر اور امریکہ کے ماہر تعلیم کو ٹیلی مواصلاتی انٹرن شپ ماڈل اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کی تعلیمی خدمات پر تفصیلی پریذنٹیشن دی۔