اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسلام آباد پولیس میجر (ر) خرم حمید کیانی کی اچانک گمشدگی کی تحقیقات کر رہی ہے۔ وہ بدھ کو لاپتہ ہوئے لیکن کچھ حکام کے خیال میں انہیں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اٹھایا ہے۔ تاہم میجر خرم کا خاندان ان کی گمشدگی کی وجوہ پر واضح نہیں ہے۔ میجر خرم کے عم زاد میجر(ر) احسان کے مطابق ان کی گمشدگی کے بعد کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکٹر ایف۔8کے رہائشی میجر خرم ایک ہاؤسنگ سوسائٹی خیابان کشمیر گئے، جہاں وہ ملازم ہیں، انہوں نے وہاں اپنی کار تبدیل کی اور سوسائٹی کے دو ملازمین کو ساتھ لے کر کلر کہار گئے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ میجر خرم کووہاں چھوڑ کر واپس چلے آئے۔ بعدازاں ان کا اپنے خاندان سے رابطہ ٹوٹ گیا اور وہ لاپتہ ہو گئے۔