اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس( اے پی سی ) کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر شرکاء ہنستے رہے ۔جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والی اے پی سی میں وزیر اعلیٰ کے پی کے اور وزیراعظم کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وفاق سالانہ ترقیاتی پروگرام تیار کر تے ہوئے کے پی کے سے بھی مشورہ کر لیا کرے ، وزیر اعظم نے جواب میں کہا کہ آپ جب صوبے کا سالانہ ترقیاتی پروگرام تیار کریں تو ہم سے بھی مشورہ کر لیا کریں۔ وزیر اعظم اور پرویز خٹک کی خوشگوار جملوں کے تبادلے پر شرکاء مسکراتے رہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زلزلہ آیا تو خود آپ کے صوبے میں گیا خود تجاویز بھی مانگیں ۔ وزیر اعظم نے پیشکش کی کہ آپ صوبے کی ترقی کے لئے منصوبہ بنا کر لائیں ہم مکمل تعاون کرینگے ۔ پرویز خٹک کی فرمائش اقتصادی راہداری کے انڈسٹریل زونز میں بجلی تو آپ فراہم کرینگے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جی ہاں ، 36 ارب ڈالر کے بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں جب بجلی پیدا ہو گی تو پہلے آپ کو ملے گی ۔ اے این پی ، پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف نے اقتصادی راہداری کے حق میں بھرپور دلائل دیئے ۔ مولانا فضل الرحمن نے تجویز پیش کی کہ اقتصادی راہداری کو 4 سے بڑھا کر 6 رویہ کریں، وزیر اعظم نواز شریف نے جواب دیا کہ ابھی تو 4 رویہ کی ٹریفک نہیں ہے جب ضرورت پڑی گی تو چھ رویہ کریں گے ابھی چار رویہ بننے دیں بعد میں توسیع کرکے چھ رویہ کرنے کے لئے رقم مختص کر دی گئی ہے ۔