اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پیمرا نے رائل ٹی وی کے دو پروگراموں میں ایک نجی ٹی وی چینل کے اینکر (مبشرلقمان) کے خلاف انتہائی فحش، غیر اخلاقی اور لغو زبان استعمال کرنے اور براہِ راست نشریات میں مؤثر تاخیری نظام نہ ہونے کی وجہ سے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائدکیا ہے۔ پیمرا نے رائل ٹی وی چینل کے پروگرام “Issue of the Day” مؤرخہ 25اور 26نومبر 2015 ء میں انتہائی لغو اور ہتک آمیز زبان کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چینل انتظامیہ کو مؤرخہ 21دسمبر 2015 ء کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا اور 14یوم کے اندر جواب طلبی کی تھی ۔چینل کی طرف سے خاطر خواہ جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں مذکورہ کیس پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کے سپرد کیا گیا تاکہ چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت فیصلہ کیا جاسکے۔لہٰذا کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اپنے 11جنوری 2016 ء کے منعقدہ اجلاس میں ٹی وی چینل کے نمائندوں کا مؤقف سننے اور تمام ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد متفقہ فیصلہ سنایاجس کے مطابق چینل پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کونسل آف کمپلینٹس، جس کی صدارت مایہ ناز پروفیسرڈاکٹر مہدی حسن نے کی ،کے فیصلے کے مطابق چینل کی جانب سے ایک ماہ کے اندر اندر جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں رائل ٹی وی کی نشریات 30یوم کیلئے معطل کر دی جائیں۔
پیمرا جرمانہ ادا نہ ہونے کی صورت میں مؤرخہ 15فروری 2016 ء سے چینل کی معطلی کیلئے عمل کا آغاز کر دے گا۔