لاہور(این این آئی)پنجاب میں وسیع پیمانے پر آپریشن ،فضائی حملوں کا فیصلہ،ٹارگٹ شہروں کے نام سامنے آگئے، پنجاب حکومت نے سندھ اور بلوچستان سے ملحقہ سرحدوں کے ساتھ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ گینگز کیخلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ،فضائی کارروائی کے آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ بتایاگیا ہے کہ پنجاب کے سندھ اور بلوچستان سے ملحقہ سرحدوں کے ساتھ کچے کے علاقے میں خطرناک جرائم پیشہ گینگز مضبوط ہو رہے ہیں جو اغواءبرائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔پنجاب میں کارروائی ہونے پر جرائم پیشہ عناصر سندھ اور بلوچستان جبکہ وہاں کارروائی ہونے کی صورت میں پنجاب میں آ جاتے ہیں۔ جس پر پنجاب حکومت نے انکے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے دونوں صوبائی حکومتوں سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ سرحدوں کے ساتھ کچے کے علاقے جیسے ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ گینگز ہیں جو تینوں صوبوں میں کارروائی کرتے ہیں ۔اس لئے ان کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کا فیصلہ کیاگیا ہے اور ہو سکتا ہے کہ اس آپریشن میں فضائی کارروائی کی سہولت بھی حاصل کی جائے اور اس کے لئے موسم کی تبدیلی کے تناظر میں درست ٹائمنگ کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے پاس بھی ہیلی کاپٹرز موجود ہیں جنہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے استعمال میں لایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں سندھ اور بلوچستان حکومت کی بھی مدد لی جائے گی ۔انہوں نے داعش کے خطرات کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کو اس کا مکمل ادراک ہے ۔ عسکری سمیت تمام متعلقہ ادارے مستعد ہیں او رجس طرح ایسے عناصر کو پہلے پکڑا گیا ہے آئندہ بھی کوئی سر گرمی نظر آئی تو ایسے لوگوں کو گرفتارکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاﺅنٹرر ٹیرر ازم فورس بڑا بہتر کام کر رہی ہے ۔