اسلا م آباد(نیوزڈیسک)عمران فاروق قتل کیس کے ملزم محسن علی نے اقبالی بیان میں کہا ہے کہ لندن میں عمران فاروق کا گھرخالد شمیم نے دکھایا تھا۔ عمران فاروق کو کاشف نے چھریوں اور اینٹوں کے وار کر کے قتل کیا، قتل کے بعد ہم سری لنکا پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق عمران فاروق قتل کیس میں ملزم محسن علی نے مجسٹریٹ کے روبرو اقبالی بیان میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ ملزم نے بتایا کہ عمران فاروق کو قتل کرنے کے لیے چھریوں کا ایک ڈبہ خریداگیا جسے عمران فاروق کے گھر کے باہر لان میں مٹی کھود کر چھپا دیا، کاشف نے چھریوں اور اینٹوں کے وار کرکے عمران فاروق کو قتل کیا۔ملزم محسن علی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قتل کے بعد ہم سری لنکا کے شہر کولمبو پہنچ گئے،سری لنکا میں پیسے ختم ہو گئے تو خالد شمیم نے آکر مزید رقم فراہم کی،سری لنکا سے کچھ عرصے بعد کراچی پہنچے ، بعد میں 5 سال افغانستان میں قیام کیا، غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو رہا تھا کہ بارڈر پر پکڑا گیا۔