لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور کی احتساب عدالت نے ڈی ایچ اے اراضی سکینڈل کے ملزم حماد ارشد کے جسمانی ریمانڈ میں 26 جنوری تک توسیع کر دی ، عدالت نے ملزم کو گھر سے کتابیں اور کھانا منگوانے کی اجازت دے دی۔ملزم حماد ارشد کو نیب کے تفتیشی افسر نے سخت سکیورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے ڈی ایچ اے سٹی پراجیکٹ کے نام پر شہدا کے ورثاء4 سمیت دیگر شہریوں سے سولہ ارب روپے کا فراڈ کیا جبکہ ملزم نے رقم اپنے ذاتی اکائنٹ میں منتقل کر کے اپنے ذاتی کاروبار پر لگا دی جبکہ ملزم نے تقریبا چھبیس ہزار لوگوں سے فراڈ کیا لہذا ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ڈی ایچ اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے شہدا کے ورثاء4 کو قانونی حق سے محروم کر دیا ، ملزم حماد ارشد کی جانب سے ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ اور امجد پروز پیش ہوئے۔ملزم کے وکلا نے بتایا کہ الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ، ملزم کے وکلا نے عدالت کو پیشکش کی کہ ملزم حماد ارشد معاہدہ کے تحت ڈی ایچ اے سٹی پراجیکٹ مکمل کر سکتا ہے ، اگر ڈی ایچ اے سنجیدہ ہے تو سٹی پروجیکٹ کو مقرر مدت میں مکمل کیا جا سکتا لہذا ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے۔عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں چھبیس جنوری تک توسیع کرتے ہوئے اسے گھر سے کھانا اور کتابیں منگوانے کی اجازت دیدی۔