کوئٹہ(نیوز ڈیسک)کوئٹہ میں گذشتہ روز پولیو مرکز کے قریب بم دھماکے کے بعد آج کراچی میں پولیو مہم کے تیسرے روز سیکورٹی انتہائی سخت ہے، کسی خدشے کے پیش نظر سیکورٹی پاکستان رینجرز کے حوالے کردی گئی۔سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ سندھ رینجرز نے بھی حفاظتی انتظامات سنبھال لئے ہیں۔ترجمان کے مطابق آج مہم کے تیسرے روزپولیس کے علاوہ سندھ رینجرز کے 2500 اہلکار بھی پولیو ورکز کی سیکورٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں رینجرز کی 170 موبائل وین اور 125 موٹر سائیکلوں پر سوار اہلکار خصوصی ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شرپسند عناصر پر نظر رکھیں اور کسی بھی گڑ بڑ کی صورت میں رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کریں۔