کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے شہر میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کے لئے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی خرم شیرزمان اور ڈاکٹرسیما ضیا نے سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رینجرز نے شہرمیں امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم کردارادا کیا ہے، رینجرزہی کی بدولت کرپشن روکنے اورامن کے قیام میں کامیابی ملی ہے۔ اس لئے فوری طور پر رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی جائے۔سندھ اسمبلی میں ریکوزیشن جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خرم شیر زمان نے کہاکہ اگر رینجرز کے اختیار میں توسیع نہ کی گئی تو عوام یہی سمجھیں گے کہ سائیں سرکار امن قائم رکھنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ رینجرز شہر کراچی میں امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ رینجرز کو بھتہ خوری ، کرپشن ، دہشتگردی سمیت دیگر جرائم سے نمٹنے کیلئے اختیارات میں توسیع دی جائے۔ تحریک انصاف رینجرز کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتی ہے۔ رکن سندھ اسمبلی سیما ضیا نے کہا سندھ پولیس ناکام ہوچکی ہے۔ رینجرز نے شہر میں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے دیگر جماعتوں سے ریکوزیشن کی حمایت کی درخواست بھی کی ہے۔