کراچی (نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ رینجرز اختیارات میں توسیع کا معاملہ ایک دو دن میں حل ہوجائے گا تاہم قانون کے تحت رینجرز اختیارات کی اسمبلی سے منظوری لازم ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر کو طلب کیا جارہا ہے جس میں رینجرز اختیارات پر بات ہوگی اور اختیارات میں توسیع اسمبلی کی منظوری سے ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے رینجرز کواستعمال کیا گیا جب کہ حکومت کی کوشش تھی کے شہر میں امن و امان قائم کیا جائے اور اب شہریوں نے دیکھ لیا کہ صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔نثار کھوڑو نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے خلاف نہیں بلکہ شہرقائد میں امن کے لئے رینجرز کے کردار کو سراہتے ہیں تاہم رینجرز کو ایک سال کے لیے بلایا گیاتھا جس کی مدت مکمل ہونے کے بعد اسمبلی سے منظوری لینا ضروری ہے اور اس حوالے سے رینجرز کی سمری پر تاحال دستخط نہیں کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے اور کابینہ میں تبدیلی کا اختیار سندھ حکومت کے پاس ہی ہے جب کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کا میئر اکثریت سے منتخب ہونے والی جماعت سے ہی ہوگا۔