کراچی(نیوزڈیسک)وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے جنوری سے کراچی میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت دی ے کہ ایف آئی اے کراچی میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف مربوط اور مضبوط لائحہ عمل کے تحت کاروائی کرے۔وہ پیر کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وزارتِ داخلہ کے ذیلی اداروں نادرا، پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ سمیت متعدد اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے کہا کہ کراچی کے عوام کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو لمبی لائنوں کی زحمت سے بچانے کیلئے اگلے ہفتے سے کراچی میں واقع نیشنل بنک کی تمام برانچوں سے پاسپورٹ فیس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔جنوری 2016سے کراچی میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری سروس اور موبائل پے منٹ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے۔ جنوری میں پہلے نادرا میگا سنٹر اور مئی تک تین مزید میگا سنٹر ز کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی بڑی تعداد ان جدید سنٹرز میں مہیا کی گئی سہولتوں سے مستفید ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ اور نادرا کراچی میں واقع اپنے تمام دفاتر کے باہر عوام کی سہولت کیلئے اہلکار تعینات کریں تاکہ جہاں وہ عوام کی رہنمائی کر سکیں وہاں ان کو ایجنٹ مافیا سے بھی نجات دلائیں۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایف آئی اے کراچی میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف مربوط اور مضبوط لائحہ عمل کے تحت کاروائی کرے۔