اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 2 مجرموں کی سزا معطل کر دی۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ نے سزا معطل کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا ہے۔ فوجی عدالتوں سے سزاپانے والے مجرمان حیدر علی اور قاری ظاہر گل نے سزا کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جو مسترد کردی گئی تھی جس کے بعد مجرمان نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ بنچ نے فوجی عدالت کے فیصلے پر مجرمان کی سزا معطل کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا۔ چیف جسٹس کو کیس پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔مجرم حیدرعلی اور قاری ظاہر گل کا تعلق سوات سے ہے، مجرموں کی وکیل عصامہ جہانگیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مجرم فوجی ٹرائل کا حصہ نہیں بنے،فوجی عدالت کےٹرائل میں مجرموں کو نہ وکیل کرنےدیاگیا اور نہ رکارڈ فراہم کیا گیا۔ مجرم حیدرعلی اور قاری ظاہر گل کو فوجی عدالتوں نے سزائےموت سنائی تھی۔