پشاور(نیوزڈیسک) محکمہ انٹی کرپشن حکومت خیبر پختونخوا نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی سفارش پر گورنمنٹ پرائمری سکول فیض اللہ کورونہ شورکوٹ ضلع ڈی آئی خان کے پی ٹی سی (پیرنٹس ٹیچرز کونسل) فنڈز میں کرپشن اور خوردبرد کرنے پر اسی سکول کے پی ٹی سی کے چیئرمین کو گرفتار کر لیا جبکہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے سکول کے ہیڈ ٹیچر عبدالرحمن کو ملازمت سے برطرف کرکے اس کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کارروائی شروع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم حکومت خیبر پختونخوا کو مذکورہ سکول کے پی ٹی سی فنڈز میںکونسل کے چیئرمین اور ہیڈ ٹیچر کی ملی بھگت سے کرپشن اورخوردبرد کی شکایت ملی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ایک خط کے ذریعے محکمہ انٹی کرپشن کو مذکورہ دونوں افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اورکارروائی کی درخواست کی ۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے پی ٹی سی فنڈز میں شفافیت لانے کے لئے تمام پی ٹی سی کونسلز میں متعلقہ ویلیج/نیبرہوڈ کونسلز کے ناظمین کو ان کونسلز کا باقاعدہ ممبران نامزد کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر انہیں محکمے میں کہیں بھی کرپشن یا خوردبرد کی اطلاع ہو تو فوری طور پر وزیر تعلیم یا دوسرے ذمہ دار افسران کو آگاہ کریں تا کہ ان عناصر کو عبرتناک سزا دی جاسکے۔