کراچی (نیوزڈیسک) بلدیاتی الیکشن میں ایک دوسرے کے مد مقابل جماعتوں کے امید وار انتخابات کے بعد متحد ہوگئے،بھٹائی آباد کی یونین کونسل نمبر 13سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والی مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی اور آزاد امید وار نے انتخابات میںمبینہ دھاندلی کے خلاف اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز ، پلے کارڈز اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جن پر دھاندلی نا منظور کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر مظاہرین نعرے بازی بھی کر رہے تھے۔مظاہرین سے ن لیگی امیدوار برائے چیئر مین شہزاد عبد الصمد ، شاکر علی ، جماعت اسلامی کے امید وار برائے چیئر مین،ظفر الدین سومرو،عامر ایڈوکیٹ اور آزا د امید وارخادم حسین مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ماضی کی روایت دہرائی ہے، یوسی 13بھٹائی آباد کے پولنگ اسٹیشن میں بد ترین دھاندلی کی گئی جس کی مذمت کرتے ہیں ۔سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کراچی میں شفاف بلدیاتی الیکشن منعقد کرانے میں ناکام رہے ہیں ، جعلی پریذائڈنگ آفسران کو پولنگ اسٹیشن میں تعینات کیا گیا اور سازش کے تحت منظم دھاندلی کرائی۔ہم اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھٹائی آباد کے پولنگ اسٹیشن کے نتائج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان یونین کونسل میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔