لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کو قوی امید ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں میں سے اکثریت حکومت کا ساتھ دےں گے جس کے باعث (ن) لیگ کو حتمی مرحلے میں کسی بڑی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ دوسری طرف حمزہ شہباز شریف کی سربراہی میں رہنماﺅں نے حتمی مرحلے میںکامیابی کے لئے حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پہلے دومرحلوں میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطوں کا سلسلہ تقریباً مکمل کر لیاگیا ہے اور اب تیسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطے کئے جائیں گے اور اسکی حتمی رپورٹ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو پیش کی جائے گی۔