لاہور( نیوزڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پارٹی کی مرکزی ایڈوائزری کونسل کے ممبران سمیت مرکز اور چاروں صوبوں سے دو سو سے زائد سینئر رہنماﺅں کو پیر کے روز اسلام آباد مدعو کر لیا ۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل کے نتائج کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ کی حکمت عملی اور انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے بھی معاملہ زیر بحث آئے گا۔بتایاگیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے صوبائی آرگنائزر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے ۔ آئندہ مراحل اور حکمت عملی کے حوالے سے سینئر لیڈر شپ پارٹی کا سیاسی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے تجاویز کا جائزہ لے گی ۔دوسری طرف پارٹی کے تنظیمی انتخابات اور رکنیت سازی کی مہم شروع کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ تحریک انصاف پارٹی انتخابات کے معاملے پر دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے ایک گروپ فوری طور پر تنظیمی انتخابات کا حامی نہیں جبکہ دوسرا گروپ انتخابی جمہوری روایات پر عملدرآمد کا مطالبہ کر رہا ہے ۔