کراچی(این این آئی)رینجرزکے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ،حکومت سندھ کے ردعمل نے ہلچل مچادی،رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہوگئی جبکہ توسیع کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہوگئی ہے صوبائی حکومت نے توسیع کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔وزارت داخلہ سندھ نے رینجرزکے اختیارات میں توسیع کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو 2دسمبرکوارسال کردی تھی تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے سمری پر تاحال دستخط نہیں کیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ بیرون ملک مقیم اعلی سیاسی شخصیت کے گرین سگنل کا انتظار کرتے رہے، جو ابھی تک نہیں ملا۔ذرائع کے مطابق رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا نوٹیفیکیشن نہ جاری کرنا معمول کا ردعمل نہیں بلکہ اس کے ملکی سطح پر بہت گہرے اثرات ظاہر ہونگے۔پیپلزپارٹی کی جانب سے حتمی انکارکے بعدایک بڑا ڈیڈ لاک پیدا ہوجائے گا ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ڈاکٹر عاصم سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماﺅں کے خلاف کارروائیوں پر نالاں ہے اور اب پیپلزپارٹی نے دفاعی اقدامات کے بجائے حکمت عملی کو یکسرتبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اورچند روز میں صورتحال کھل کر سامنے آجائے گی۔