ملتان(نیوز ڈیسک) سینئیر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو ختم کرنے کے لئے عمران خان خود ہی کافی ہیں۔ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ دھاندلی تحریک انصاف کا قومی نعرہ ہے، بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا کہ عوام عمران خان اورپارٹی پالیسیوں سے بیزارہیں، دھرنوں سے پہلے ملتان اور راولپنڈی تحریک انصاف کے گڑھ ہوا کرتے تھے، لیکن بد قسمتی سے دونوں ہی شہروں سے تحریک انصاف ہار گئی اور اب وہ بے گھر ہوگئی ہے۔سینئیر سیاستدان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کئی رہنما تحریک انصاف کے چیئرمین اور ان کی پالیسیوں سے ناراضی کا اظہار کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے خاتمے کے لئے عمران خان ہی کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں جمہوریت آگے چلے گی لیکن اس کے لئے اگر عمران خان آمریت کے بجائے مشاورت سے کام لیں تو اچھا ہوگا، وہ کسی کے کہنے پرنوجوانوں سے دھرنے نہ کرائیں، نا ہی انہیں اسمبلی پرچڑھ دوڑنے کے مشورے دیں۔