اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ حیدر علی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کے نامزد تین ملزمان کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ اتوار کو عمران فاروق قتل کیس کے تفتیشی افسر نے ملزمان کو پیش کرنے سے قبل عدالت پہنچ کر سکیورٹی انتظامات کی اجازت طلب کی عدالت کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد ایف آئی اے حکام کی طرف سے تینوں ملزمان ملزم معظم علی، خالد شمیم، سید محسن علی کو رینجرز کی کڑی نگرانی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس نے عدالت سے تینوں ملزمان کاایک روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی اور کہا کہ ایک روزہ ریمانڈ کے بعد (آج ) پیر کوملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرکے مزید ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ عدالت کے روبرو قتل کی ایف آئی آر پیش کی گئی جس کے پڑھنے کے بعد عدالت نے ملزمان کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش کیے جانے کی وجہ سے عدالت ملزمان کا جسمانی ریمانڈ نہیں دے سکتی اس لیے عدالت نے ملزمان کو ایک روزہ راہداری ریمانڈپر پولیس کے حوالے کردیا ۔