لاہور (نیوز ڈیسک)لاہور میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے ، شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی اور موٹر وے کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر کے جی ٹی روڈ کی طرف منتقل کر دیا گیا۔لاہور اور مضافاتی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ، دھند کی وجہ سے موٹر وے پولیس نے لاہور کالا شاہ کاکو سیکشن کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور ٹریفک کو جی ٹی روڈ کی طرف منتقل کر دیا گیا ۔ موٹر وے پولیس کی جانب سے تمام مسافروں کو دوران سفر فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق مسافروں کو غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم از کم درجہ حرارت گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ چوبیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا ۔