کراچی(نیوزڈیسک)جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نےکراچی کے بلدیاتی انتخابات پر سوال اُٹھاتے ہوئے الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ادارہ نور حق کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر میں 90 فیصد ووٹنگ تاخیر سے شروع ہوئی، یہی نہیں،پولنگ اسٹیشنز میں جعلی عملہ بھی بیٹھایا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے الزام لگایا کہ بہت سے پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ تبدیل کرایا گیا،جبکہ پولنگ میٹریل ناقص طریقے سے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچایا گیا، الیکشن کمشنر کو بوگس الیکشن کے انعقاد پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔علی زیدی نے کہا کہ الیکشن کمشنر تنویر ذکی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے سے متعلق مشاورت جاری ہےجبکہ پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ دو پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال دیکھ کر ہی ایم کیو ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔