اسلام آباد(آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اسناد اور ڈگریوں کی معلومات کے لئے ایک مربوط اور منظم “آن لائن”نظام متعارف کردیا ہے۔ اس نظام کے تحت ملک بھر میں یونیورسٹی کے طلبہ اسناد اور ڈگریوں کے لئے اپنی ارسال کردہ درخواستوں پر کارروائی کے مراحل سے آگاہی حاصل کرسکیں گے اس مقصد کے لئے یونیورسٹی نے ایک نئی ویب سائٹ dts.aiou.edu.pkبھی متعارف کرائی ہے۔ علاوہ ازیں طلبہ کی جانب سے اسناد کے لئے درخواستیں موصول ہوتے ہی یونیورسٹی نے درخواستوں کے موصول ہونے کی تصدیق کی اطلاعات دینا بھی شروع کردیا ہے ۔یہ اطلاع طلبہ کو بذریعہ موبائیل ایس ایم ایس دی جاتی ہے۔قبل ازیںدرخواستوں پر اعتراضات کی اطلاع طلبہ کو بذریعہ خط دی جاتی تھے جس پر کافی دن ضائع ہوتے تھے اب نئے نظام کے تحت طلبہ اعتراضات آن لائن چیک کرسکیں گے اور وہ فوری طور پر اعتراضات کو دور کرسکیں گے جس سے ٹائم میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور طلبہ کو اسناد بہت جلد موصول ہوں گے۔