اسلام آباد (دنیا نیوز) اصغر خان کیس میں وزیراعظم نواز شریف, فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو ازخود بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یاد نہیں کبھی یونس حبیب سے ملاقات ہوئی ہے اور پیسے لینے کا الزام بے بنیاد ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ایف آئی اے کو بیان ریکارڈ کرایا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس کی تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں۔ عدالت کے سامنے ساری چیزیں لائی جائیں گی۔ باقی لوگوں سے بیانات لئے جا رہے ہیں۔ جبکہ اصغرخا ن کیس کی تفیصلات کچھ یوں ہیں ۔.. یہ معاملہ تھا 1990ء کی انتخابی مہم کا، الزام یہ تھا کہ اس انتخابی مہم کے دوران اسلامی جمہوری اتحاد میں شامل جماعتوں اور رہنمائوں میں پیسے تقسیم کیے گئے۔ یہ کیس عدالت میں آیا تو اصغر خان کیس کہلایا۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی نے ایک بیان حلفی میں دعویٰ کیا کہ یہ پیسے بانٹے گئے تھے۔ یہ پیسے مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب سے لے کر بانٹے گئے تھے۔ پیسے لینے والوں میں مصطفیٰ کھر، حفیظ پیرزادہ، سرور چیمہ، معراج خالد اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ ساتھ میاں نواز شریف کا نام بھی آیا تھا۔اصغر خان کیس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ پیسے بانٹنے کا یہ سارا عمل اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان اور دیگر قیادت کے بھی علم میں تھا۔