اسلام آباد( نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی گئی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کیبنٹ ڈویژن،وزارت قانون،الیکشن کمیشن،پرویز رشید اور عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کو جھوٹا، ملک دشمن اور غدار کہا ہے۔ کوئی شخص یا سیاسی جماعت اگر ملک دشمنی یا غداری کا مرتکب ہوجائے تو حکومت آئین پاکستان کے تحت اس شخص یا سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کرنے کی پابند ہے اگر عمران خان غدار یا ملک دشمن ہیں تو حکومت نے ابھی تک ان کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی۔درخواست میں کہا گیا کہ اگر کوئی وزیر یا حکومتی نمائندہ کسی شخص یا سیاسی جماعت کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے، پرویز رشید کے پاس تو وزارت قانون کا اضافی قلمدان بھی موجود ہے۔ انہوں نے کن ثبوتوں کے تحت الزامات لگایا ہے۔واضح رہے چند روز قبل پرویزرشید نے عمران خان کو اپنی پریس کانفرنس میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔