اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے اسپیکر برقرار رہیں گے اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی کامیاب ثابت ہوئی۔ قومی اسمبلی کا آئندہ سیشن کیلنڈر کے مطابق رواں ماہ کی 26 تاریخ کو ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس کیلنڈر کے مطابق یہ اجلاس منعقد ہوگا اس کی منظوری مارچ میں سردار ایاز صادق نے بحیثیت اسپیکر قومی اسمبلی دی تھی۔ پارلیمانی ذرائع نے قومی اخبار کو بتایا ہے کہ سردار ایاز صادق کی کامیابی نے مسلم لیگ (ن) کو سانحے سے بچا لیا ہے کیونکہ اسے اس عہدے کیلئے کسی اور کو منتخب کرنا پڑتا۔جنگ رپورٹر صالح ظافر کے مطابق سردار ایاز
صادق کو دوبارہ بحیثیت اسپیکر اسمبلی لانے کا منصوبہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ہے کیونکہ پارلیمانی امور کے انچارج وہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار ایاز صادق کا بطور اسپیکر انتخاب رواں ماہ کی 27 تاریخ کو ہوگا کیونکہ قومی اسمبلی کے سیشن کے پہلے روز وہ بطور رکن اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ قائم مقام اسپیکر مرتضیٰ جاوید سردار ایاز صادق سے حلف لیں گے اور قومی اسمبلی کے پہلے دن کا ایجنڈا ایاز صادق کا انتخاب ہوگا۔ اپنے 6 پیش رو کے مقابلے میں سردار ایاز صادق پہلے مرد اسپیکر ہیں جو بطور رکن قومی اسمبلی دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔ ان کے 6 مرد پیش رو کے نام یہ ہیں: سید فخر امام، حامد ناصر چٹھہ، گوہر ایوب خان، سید یوسف رضا گیلانی، الٰہی بخش سومرو اور چوہدری امیر حسین۔ یہ تمام افراد اسپیکر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد دوبارہ انتخاب لڑنے پر ہار گئے۔ ان سے قبل خاتون اسپیکر فہمیدہ مرزا اسپیکر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سندھ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سردار ایاز صادق اپنے 61ویں جنم دن سے قبل یہ الیکشن جیتے ہیں، ان کا جنم دن 17 اکتوبر کو ہے۔