لاہور (نیوزڈیسک )این اے 122کے امیدواروں کے ہوشربااخراجات ! تفصیلات جان کر پاکستانی تو پاکستانی دنیا ششدر، این اے 122 میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے امیدوار وں کی طرف سے انتخابی مہم کے دوران خرچ کی جانیوالی رقم سے حلقے میں پانچ سکولوں کی عمارتیں ، حلقے کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جدید مشینری سے لیس ایک مکمل ہسپتال ،دو ہزار غریب خاندانوں کی بچیوں کی شادی یا حلقے کے ایک بڑے حصے کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا تھا ۔غیر جانبدار اور سنجید ہ حلقوں کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ این اے 122کے ضمنی مقابلے میں سیاسی جماعتوںپی ٹی آئی اور (ن) لیگ کی طرف سے الیکشن کمیشن کی 15لاکھ کی مقررہ حدسے کئی گنا زائد خرچ کئے گئے ۔ ان حلقوں کے مطابق دونوں امیدواروں اور انکے سپورٹرز کی جانب سے ایک محتاط انداز ے کے مطابق 20سے 25کروڑ روپے کے اخراجات کئے گئے ہیں جس میں ایک بڑی رقم ٹی وی ، اخبارات میں اشتہارات اور لائیو کوریج کرانے کی مد میں خرچ کی گئی ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران جلسے جلوسوں، ریلیوں اور سپورٹرز کے لئے انتخابی دفاتر کے قیام اور دیگر اخراجات پر بھی ایک بڑی رقم خرچ کی گئی ہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس رقم کی محتاط اندا زے سے تقسیم کی جائے تو تشہیر کی صورت میں جھونکی جانے والی رقم سے حلقے میں پانچ سکولوں کی نئی عمارتیں اور ان میں فرنیچر کی فراہمی ،حلقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جدید مشینری سے لیس ایک مکمل ہسپتال، ایک لاکھ روپے فی کس کے حساب سے 2ہزار سے 2200غریب خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے اخراجات یا اس رقم سے حلقے کے ایک بڑے حصے کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکتا تھا ۔