ؒلاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے این اے 122کے ضمنی انتخاب میں اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کےلئے رابطوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ،عوامی تحریک سے این اے 122سے اپنا امیدوار دستبردار کرانے اورحمایت کی درخواست کر دی گئی ۔پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور این اے 122سے امیدوار عبد العلیم خان نے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے حسن محی الدین اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے سے ملاقات کی ۔ پی ٹی آئی کے رہنماﺅںنے اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت کے حوالے سے دریافت کرنے کے علاوہ پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی خصوصاً این اے 122کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری کی طرف سے پی ٹی آئی کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف ہائیکورٹ میں دائر رٹ پٹیشن واپس لینے اور انہیں دستبردار کرا کے حمایت کی درخواست کی ۔ تاہم عوامی تحریک کے رہنماﺅں نے کہا کہ بطور جماعت عدالت سے رجوع نہیں کیا گیا بلکہ اشتیاق چوہدری نے امیدوار کے طور پر یہ اقدام اٹھایا ہے ۔عوامی تحریک کے امیدوار کی پی ٹی آئی کے حق میں دستبرداری اور حمایت کی درخواست کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کو آگاہ کر دیا جائے گا اور حتمی فیصلہ انہوں نے ہی کرنا ہے ۔