اسلام آباد(نیوزڈیسک) مہنگے پلاٹس بیچنے کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف مقدمے کی سماعت منگل کو ہوگی، علیم خان کا کہنا ہےکہ انہیں عدالت سے کوئی نوٹس نہیں ملا۔ ایف آئی اے کے مطابق علیم خان کی ریور ایج ہاؤسنگ اسکیم نے ای او بی آئی کو مہنگے پلاٹس فروخت کرکے ادارے کو52کروڑروپے کا نقصان پہنچایا ۔لاہور کے خصوصی جج منگل کوتحریک انصاف کے رہنماعلیم خان کے خلاف مبینہ کرپشن کے دو مقدمات کی سماعت کرینگے جوکہ تحریک انصاف کے رہنما کی جانب سے اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹس ای او بی آئی کے ملازمین کو مہنگے داموں پر فروخت کرنے کے بارے میں تھی۔روزنامہ جنگ کے صحافی طارق بٹ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمات سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد ایف آئی اے نے درج کرائے تھے، جوکہ ای او بی آئی میں بدعنوانیوں کی کڑی تحقیقات کررہا ہے۔ تاہم علیم خان نے ایف آئی اے کی جانب سے ان مقدمات کے درج کرائے جانے سے اظہار لاعلمی کیا ۔ علیم خان لاہور کے حلقے این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی،
مزید پڑھئے:پاک فوج نے روس میں دھوم مچادی
ن لیگ کے ایاز صادق کے خلاف امیدوار ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ انہیں ابھی تک عدالت سے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے، اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوا ہے تو جلد ہی عوام کے علم میں بھی یہ بات لائی جائیگی۔تاہم دی نیوز کی جانب سے متعدد کوششوں کے باوجود وہ تبصرے کیلئے دستیاب نہ ہوسکے۔