بہاولپور(نیوز ڈیسک)سینٹرل جیل بہاولپور میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی دیدی گئی جبکہ ڈسٹرکٹ جیل قصور میں قتل کے ایک مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق بہاولپور میں قتل کے 3مجرموں کو پھانسی دیدی گئی ،عدالت کی جانب سے ڈیتھ وارنٹ جاری ہونیکے بعد سینٹرل جیل بہاولپور میں قید قتل کے 3مجرموں کو صبح سویرے تختہ دار پر لٹکادیاگیا۔ مجرم محمد خان نے 1995ء میں ایک شخص کوچشتیاں میں قتل کیاتھا۔مجرم محمد بوٹہ نے2003ء میں ہارون آباد میں ایک شخص کو قتل کیاتھا جبکہ مجرم فقیر محمد نے رحیم یار خان میں ایک شخص کو قتل کیاتھا۔پھانسی سے پہلے تینوں افراد کی اہل خانہ سے ملاقات کرادی گئی تھی۔ ادھرڈسٹرکٹ جیل قصور میں قتل کے ایک مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ڈسٹرکٹ جیل قصور کے حکام کے مطابق مجرم مقبول عرف قلی شیخوپورہ کا رہائشی تھا اور اس نے لاہور سے ایک شخص کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ مجرم کو مقتول کے ورثا نے معاف کرنے سے انکار کردیا تھا اور اسکی رحم کی اپیل بھی مسترد ہوگئی تھی جس پر عدالت نے اسکے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے تھے جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے آج صبح ڈسٹرکٹ جیل قصور میں پھانسی دے دی گئی۔