لاہور (نیوزڈیسک)نیب نے کرپشن سکینڈلز میں دانستہ نااہلی کا اعتراف کرلیا ، احتساب عدالت کے فیصلے نے نیب کی دانستہ غفلت کا پول کھول دیا۔احتساب عدالت کی طرف سے پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوائے جانے کا تحریری فیصلہ منظر عا م پر آ گیا ہے۔جس کے مطابق احتساب عدالت کے جج عبدالستار نے نیب کے سینئر تفتیشی افسر شہریارجمیل سے استفسار کیا کہ علی سکیورٹی کمپنی کیخلاف 8کروڑمبینہ فراڈ کا کیس 2008ءسے نیب کے پاس زیر التواہے تو نیب نے آج تک اس سکینڈل کی تفتیش اور ملزموںکی گرفتاری میں عملی اقدامات کیوں نہیں اٹھائے ۔نیب کے سینئر تفتیشی افسر شہریار جمیل نے اعتراف کیا کہ علی سکیورٹی فراڈ سکینڈل میں قاسم ضیاکی گرفتاری میں تاخیرکی وجہ یہ ہے کہ 2008ءسے لیکر2013ءتک پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، اس لئے پیپلز پارٹی کے رہنماپر ہاتھ نہیںڈالا۔